تحارير برائے زمرہ: 'سافٹ وئیرز' ...

سفاری براؤزر برائے ونڈوز: اردو کیلیے رحمت؟

راشدکامران نے اردو کیلیے تیار سفاری براؤزر برائے ونڈوز کی ریلیز کا ذکر کیا تو باوجود پہلی دفعہ کے تلخ تجربے کے(ونڈوز کیلیے پہلے بی ٹا کے ریلیز کے وقت اسنے اردو کی مت مار دی تھی) میں نے دوبارہ سفاری ڈاؤن لوڈ کیا اور میں اسمیں اردو فونٹس کی خوبصورتی دیکھ کر بہت متاثر ہوا۔ آپ بھی زرا ملاحظہ کیجیے:

اب یہ میری نظر کا دھوکہ ہے یا واقعی سفاری پر انگریزی کے مقابلے میں زیادہ خوبصورت نظر آرہے ہیں؟ تھوڑا سا دھیماپن(Blur) ضرور ہے لیکن تھوڑا فاصلے سے دیکھنے پر “سب اچھا” نظر آتا ہے۔ آپ کا کیا خیال ہے؟

سفاری برائے ونڈوز یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں۔
نوٹ: پاک نستعلیق فی الوقت یہ نہیں دکھا پا رہا۔

تو آپکو انٹرنیٹ ایکسپلورر پسند ہے؟؟

میں براؤزر استعمال کرنے والا ایک عام صارف ہوں۔ اگر مجھ سے کوئی پوچھے کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر اور فائرفاکس میں کیا فرق ہے تو میرا جواب یہی ہوگا کہ جو فرق سرکاری اور پرائیویٹ ملازم میں ہوتا ہے یعنی “سب اچھا” اور “بس کام”۔
خیر اتنی برمبنی احسان فراموشی تنقید نہیں اچھی کہ ایک زمانے تک یہی(آئی ای) “اکلوتا” بچہ تھا جس سے ہم دل بہلاتے تھے۔لیکن اوپر جو لکھا وہ میرے انتہائی مختصر تجربہ کا اظہار تھا۔ سی ایس ایس کو سمجھنے میں مجھ سے زیادہ مشکل انٹرنیٹ ایکسپلورر کو پیش آتی ہے اور ان مسائل کے حل کیلیے اتنے ہیکس(Hacks) لکھنے پڑھتے ہیں کہ ۔۔۔۔
ہم اپنی تمہید لمبی کرنی کی عادت یہیںKill (لینکس والی) کرتے ہوئے آپکو مژدہ سناتے ہیں کہ ایک تائیوانی ڈیولپر نے آئی ای ٹیب(IE Tab) نامی ایکسٹینشن بنا کر آپکو انٹرنیٹ ایکسپلورر کھولنے کی جھنجھٹ سے آزاد کر دیا ہے۔بس آپ نے سٹیٹس بار میں موجود اس ایکسٹینشن کے بٹن پر کلک کرنا ہے اور آپکا فائرفاکس آپکی مطلوبہ سائٹ کو انٹرنیٹ ایکسپلوررکے انداز میں دکھا دیتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ عام صارف کیلیے براؤزر کے صرف چھوٹے مسائل میں یہ کام کا ہو لیکن ڈیولپرز حضرات(ہمارے اردو ورڈپریس تھیمز ڈیولپرز) جن کو اپنی ویب سائٹ ان دونوں مشہور براؤزرز پر ٹھیک طرح ڈسپلے ہونے کی چیکنگ کرنی ہو، یہ بہت کام کی چیز ہے۔ باقی تعریفیں ادھار رکھتے ہوئے ہم آپکو مشورہ دیتے ہیں کہ یہ ایکسٹینشن اپنے فائر فاکس میں اس لنک سے اُتار لیں۔(نوٹ: لینکس صارفین شاید ابھی اسے استعمال نہ کر سکیں(یا اضافی پلگ ان انسٹال کرنے پڑیں) کیونکہ یہ انٹرنیٹ ایکسپلورر کا انجن استعمال کرتا ہے)۔

فائرفاکس2.0.0.8 اور ایڈآن(Add On) نہ چلنے کا مسئلہ

پچھلے دنوں میں نے اپنا فائرفاکس پرانے ورژن2.0.0.7 سے 2.0.0.8پر اپ گریڈ کیا جس کے بعد تمام ایڈ آنز(Add Ons) نے کام چھوڑ دیا۔ تلاش بسیار کے بعد مجھے اسکا ایک آسان حل ملا۔ اگر آپ کیساتھ بھی ایسا مسئلہ درپیش ہے تو یہ حل آزمائیے اُمید ہے افاقہ ہوگا۔ حل کچھ یوں ہے:

  • فائرفاکس بند کریں۔
  • فائرفاکس یوزر پروفائل میں جائیں، جسکا آسان طریقہ یہ ہے کہ Run میں %APPDATA% لکھ کر ونڈوز صارف کے Application Data میں جائیں۔
  • فائرفاکس کے فولڈر میں پروفائلز کے فولڈر میں جائیں۔ پاتھ کچھ یوں ہوگا:

Application Data/Mozilla/Firefox/Profiles

  • اپنے پروفائل کے فولڈر میں داخل ہو کر extensions.cache ، extensions.ini اور extensions.rdf نامی فائلیں ڈیلیٹ کر دیں۔

اب فائرفاکس سٹارٹ کر کے چیک کریں، اُمید ہے ایڈآنز چل پڑے ہونگے۔

ونڈوز لائیو رائٹر: بلاگ لکھنے کیلیے سب سے بہترین ایڈیٹر

مائیکروسافٹ کی لائیو فیملی میں ہاٹ میل کے بعد بلاشبہ سب سے بہترین سافٹ وئیر بلاگنگ کیلیے مخصوص “ونڈوز لائیو رائٹر“(Windows Live Writer) ہے۔ ونڈوز لائیو رائٹر کی بدولت اب ضروری نہیں کہ آپ کسی براؤزر سے جاکر اپنے بلاگ پر کوئی نئی تحریر لکھیں یا سابقہ تحاریر میں کوئی ترمیم کریں۔ اب یہ سب کچھ آپ اپنے ڈیسکٹاپ سے لائیور رائٹر کی مدد سے باآسانی اور زیادہ تیزی سے کر سکتے ہیں۔ گو اس جیسے سافٹ وئیرز(مثلاً بلاگ ڈیسک) پہلے سے موجود ہیں لیکن فیچرز اور استعمال میں آسانی کے لحاظ سے انکا لائیو رائٹر سے کوئی مقابلہ نہیں۔

انٹرفیس اور استعمال میں آسانی

لائیو رائٹر کا انٹرفیس انتہائی خوبصورت اور ایڈیٹر سمیت بلاگنگ کیلیے درکار تمام بٹن اور فیلڈ دستیاب ہیں۔ دائیں طرف موجود سائیڈبار کے زریعے آپ باآسانی تحریر میں ربط، تصویر، نقشہ(مائیکروسافٹ ورچوئل ارتھ)، ٹیگز یا کسی بھی وڈیو کی سائٹ سے ویڈیو شامل کر سکتے ہیں۔
ونڈوز لائیو رائٹر کا میرا سب سے پسندیدہ فیچر، تحریر کے مختلف ویوز ہیں۔ جب آپ اپنے بلاگ اکاؤنٹ کو لائیو رائٹر کے ساتھ کنفگر کرتےہیں تو یہ آپکے تھیم کی سیٹنگز اُٹھا لیتا ہے۔ آپ تحریر لکھتے ہوئے مزے سے کسی بھی وقت دیکھ سکتے ہیں کہ آپکی تحریر بلاگ پر کیسے نظر آئیگی۔ کرنا صرف اتنا ہے کہ View مینو میں جاکر ویب پری ویو(Web Preview) منتخب کریں یا شارٹ کٹ F12 دبائیں۔

اس کے علاوہ لائیو رائٹر کیلیے کئی ایک زبردست پلگ انز بھی دستیاب ہیں۔ لائیو رائٹر پلگ ان گیلری پر جا نے کیلیے ربط سائیڈ بار میں(Add a Plugin) موجود ہے۔ ونڈوز لائیو رائٹر ڈاؤن لوڈ کرنے کیلیے یہاں کلک کریں۔

فرنٹ پیچ کا متبادل، مائیکروسافٹ ایکسپریشن ویب

اگر آپ نے مائیکروسافٹ آفس 2007 استعمال کیا گیا ہے تو آپکو اسمیں ویب پبلشنگ کیلیے خاص پروگرام مائیکروسافٹ فرنٹ پیج کی کمی ضرور محسوس ہوئی ہوگی۔ کئی خامیوں کے باجود فرنٹ پیج مبتدی ویب ڈیزائنرز کیلیے ایک اچھا اور استعمال میں آسان سافٹ وئیر تھا۔ آفس 2007 میں اس کی کمی اور فرنٹ پیج کی خامیاں دور کرکے مائیکروسافٹ نے ایک نئے سافٹ وئیر “مائیکروسافٹ ایکسپریشن ویب“(Microsoft Expression Web) کے بی ٹا ورژن کا اجراء کیا ہے۔

اس سافٹ وئیر میں مقبول عام ویب پبلشنگ سافٹ وئیرز جیسے ڈریم ویور، ٹاپ سٹائل وغیرہ کیطرح تمام خوبیاں شامل ہیں بلکہ کئی جگہ یہ اس سے بڑھ کر ہے۔ فرنٹ پیج کے برخلاف جہاں آپ ویب صفحہ بنانے کیلیے ٹیبلز کے محتاج تھے، ایکسپریشن ویب میں آپ مکمل طور پر مستند ایکس ایچ ٹی ایم ایل اور سی ایس ایس پر مبنی سائٹس بنانے کے قابل ہونگے۔گو اسکے بی ٹا ورژن میں ابھی کچھ خامیاں ہیں لیکن قوی امید ہے کہ فائنل ریلیز میں یہ ڈریم ویور جیسے حریفوں کیلیے چیلنج کی صورت میں سامنے آئیگا۔ مائیکروسافٹ ایکسپریشن ویب کا ٹرائل ورژن آپ مائیکروسافٹ کی ویب سائٹ سے مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

Technorati Tags: ,

++Notepad: ونڈوز نوٹ پیڈ کا بہترین متبادل

کبھی آپ نے سوچا کہ ونڈوز میں موجود ڈیفالٹ نوٹ پیڈ میں ٹیب(Tab) ہوں، تاکہ آپکو ہر فائل کیلیے علیحدہ سے نوٹ پیڈ نہ کھولنا پڑے؟ –یا– کبھی آپ نے چاہا کہ نوٹ پیڈ میں کسی کمپیوٹر لینگویج کا کوڈ مدون کرتے وقت آپکو کوڈ کا ہر حصہ منظم شکل میں نظر آئے۔۔۔۔یقیناً ونڈوز نوٹ پیڈ ان سب چیزوں کو کرنے سے قاصر ہے۔ لیکن ان ساری چیزوں سے مزین، ونڈوز نوٹ پیڈ کا متبادل “نوٹ پیڈ++” (++Notepad) آپ بالکل مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ نوٹ پیڈ++ میں ان خصوصیات کے علاوہ بھی کئی پروگرامر دوست خوبیاں ہیں۔ خود ٹرائی کرنے کیلیے ابھی ڈاؤن لوڈ کیجیے۔