تحارير برائے زمرہ: 'آزاد مصدر' ...

فائرفاکس: ماسٹر پاس ورڈ کیسے صاف کریں؟

تقریباً سب براؤزرز میں جب آپ کسی فارم میں پاس ورڈ پُر کر کے بھیجتے ہیں، تو وہ آپکو پیغام دیتے ہیں کہ کیا آپ اس فارم میں پاسورڈ اور دیگر معلومات کو اگلی دفعہ آسانی سے پُر کرنے کیلے محفوظ کرنا چاہتے ہیں؟ فائرفاکس میں بھی یہ چیز موجود ہے اور اسمیں اچھی بات یہ ہے کہ آپکے جتنے بھی پاسورڈ محفوظ ہیں، انہیں آپ ایک ماسٹر پاسورڈ کے ذریعے تحفظ دے سکتے ہیں، تاکہ ہر ایرا غیرا آپکے پاسورڈ استعمال کرکے آپکے اکاؤنٹس نہ استعمال کر سکے۔ لیکن اگر ماسٹر پاس ورڈ اگر بھول جاتے تو؟؟؟ یہی حال میرا بھی ہوا، ماسٹر پاس ورڈ لگانے کے ۳۰ منٹ بعد مجھے یاد نہیں رہا کہ کونسا پاس ورڈ دیا تھا۔ اب میں یہ چاہتا ہوں کہ بھلے محفوظ شدہ پاسورڈز جائیں بھاڑ میں لیکن میں دوبارہ سے پاس ورڈ محفوظ کرنے کے قابل ہو سکوں(ماسٹر پاس ورڈ بھول جانے کی صورت میں آپ مزید پاس ورڈز فائرفاکس میں محفوظ نہیں کر سکتے)۔ تو جناب اس کا حل جو مجھے تلاش کے بعد جو معلوم ہوا ہے وہ یہ کہ فائرفاکس کھول کر ایڈریس بار میں یہ لکھیں:

chrome://pippki/content/resetpassword.xul

اگلی سکرین میں آپ سے پوچھا جائیگا کہ ماسٹر پاس ورڈ صاف کرنے کی صورت میں آپ کے محفوظ پاس ورڈ اور دوسری تمام معلومات فائرفاکس بھُلا دیگا، اگر آپ متفق ہیں تو Reset کا بٹن دبا دیں۔ لیجیے اب آپکا ماسٹر پاس ورڈ ختم ہو چکا۔ اب دوبارہ اگر ماسٹر پاس ورڈ دینا بھی ہے تو یاد رہنے والا پاس ورڈ دیں۔ اور ہاں محفوظ پاس ورڈز اور دوسری معلومات صرف شارٹ کٹ کی سے دینے کیلیے یہ ایڈ آن ضرور آزمائیے۔

تو آپکو انٹرنیٹ ایکسپلورر پسند ہے؟؟

میں براؤزر استعمال کرنے والا ایک عام صارف ہوں۔ اگر مجھ سے کوئی پوچھے کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر اور فائرفاکس میں کیا فرق ہے تو میرا جواب یہی ہوگا کہ جو فرق سرکاری اور پرائیویٹ ملازم میں ہوتا ہے یعنی “سب اچھا” اور “بس کام”۔
خیر اتنی برمبنی احسان فراموشی تنقید نہیں اچھی کہ ایک زمانے تک یہی(آئی ای) “اکلوتا” بچہ تھا جس سے ہم دل بہلاتے تھے۔لیکن اوپر جو لکھا وہ میرے انتہائی مختصر تجربہ کا اظہار تھا۔ سی ایس ایس کو سمجھنے میں مجھ سے زیادہ مشکل انٹرنیٹ ایکسپلورر کو پیش آتی ہے اور ان مسائل کے حل کیلیے اتنے ہیکس(Hacks) لکھنے پڑھتے ہیں کہ ۔۔۔۔
ہم اپنی تمہید لمبی کرنی کی عادت یہیںKill (لینکس والی) کرتے ہوئے آپکو مژدہ سناتے ہیں کہ ایک تائیوانی ڈیولپر نے آئی ای ٹیب(IE Tab) نامی ایکسٹینشن بنا کر آپکو انٹرنیٹ ایکسپلورر کھولنے کی جھنجھٹ سے آزاد کر دیا ہے۔بس آپ نے سٹیٹس بار میں موجود اس ایکسٹینشن کے بٹن پر کلک کرنا ہے اور آپکا فائرفاکس آپکی مطلوبہ سائٹ کو انٹرنیٹ ایکسپلوررکے انداز میں دکھا دیتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ عام صارف کیلیے براؤزر کے صرف چھوٹے مسائل میں یہ کام کا ہو لیکن ڈیولپرز حضرات(ہمارے اردو ورڈپریس تھیمز ڈیولپرز) جن کو اپنی ویب سائٹ ان دونوں مشہور براؤزرز پر ٹھیک طرح ڈسپلے ہونے کی چیکنگ کرنی ہو، یہ بہت کام کی چیز ہے۔ باقی تعریفیں ادھار رکھتے ہوئے ہم آپکو مشورہ دیتے ہیں کہ یہ ایکسٹینشن اپنے فائر فاکس میں اس لنک سے اُتار لیں۔(نوٹ: لینکس صارفین شاید ابھی اسے استعمال نہ کر سکیں(یا اضافی پلگ ان انسٹال کرنے پڑیں) کیونکہ یہ انٹرنیٹ ایکسپلورر کا انجن استعمال کرتا ہے)۔

فائرفاکس2.0.0.8 اور ایڈآن(Add On) نہ چلنے کا مسئلہ

پچھلے دنوں میں نے اپنا فائرفاکس پرانے ورژن2.0.0.7 سے 2.0.0.8پر اپ گریڈ کیا جس کے بعد تمام ایڈ آنز(Add Ons) نے کام چھوڑ دیا۔ تلاش بسیار کے بعد مجھے اسکا ایک آسان حل ملا۔ اگر آپ کیساتھ بھی ایسا مسئلہ درپیش ہے تو یہ حل آزمائیے اُمید ہے افاقہ ہوگا۔ حل کچھ یوں ہے:

  • فائرفاکس بند کریں۔
  • فائرفاکس یوزر پروفائل میں جائیں، جسکا آسان طریقہ یہ ہے کہ Run میں %APPDATA% لکھ کر ونڈوز صارف کے Application Data میں جائیں۔
  • فائرفاکس کے فولڈر میں پروفائلز کے فولڈر میں جائیں۔ پاتھ کچھ یوں ہوگا:

Application Data/Mozilla/Firefox/Profiles

  • اپنے پروفائل کے فولڈر میں داخل ہو کر extensions.cache ، extensions.ini اور extensions.rdf نامی فائلیں ڈیلیٹ کر دیں۔

اب فائرفاکس سٹارٹ کر کے چیک کریں، اُمید ہے ایڈآنز چل پڑے ہونگے۔

++Notepad: ونڈوز نوٹ پیڈ کا بہترین متبادل

کبھی آپ نے سوچا کہ ونڈوز میں موجود ڈیفالٹ نوٹ پیڈ میں ٹیب(Tab) ہوں، تاکہ آپکو ہر فائل کیلیے علیحدہ سے نوٹ پیڈ نہ کھولنا پڑے؟ –یا– کبھی آپ نے چاہا کہ نوٹ پیڈ میں کسی کمپیوٹر لینگویج کا کوڈ مدون کرتے وقت آپکو کوڈ کا ہر حصہ منظم شکل میں نظر آئے۔۔۔۔یقیناً ونڈوز نوٹ پیڈ ان سب چیزوں کو کرنے سے قاصر ہے۔ لیکن ان ساری چیزوں سے مزین، ونڈوز نوٹ پیڈ کا متبادل “نوٹ پیڈ++” (++Notepad) آپ بالکل مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ نوٹ پیڈ++ میں ان خصوصیات کے علاوہ بھی کئی پروگرامر دوست خوبیاں ہیں۔ خود ٹرائی کرنے کیلیے ابھی ڈاؤن لوڈ کیجیے۔

LINA-آزاد مصدر کا ایک اور سنگ میل

فرض کیجیے کوئی ایسا پروگرام آپکو اپنی ونڈوز پر درکار ہے جو ونڈوز کیلیے مفت دستیاب نہیں اور اس کا متبادل آزاد مصدر حل صرف لینکس کیلیے دستیاب ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ لینکس کے پروگرام تو ونڈوز یا میک خدمتگار نظام پر نہیں چلتے۔ اسی مسئلہ کے حل کیلیے آزاد مصدر کے سرپھروں نے لِنا(LINA) نامی ایک اطلاقیہ تیار کیا ہے، جس کی لِنابدولت لینکس کیلیے بنائے گئے آزاد مصدر سافٹ ویر کسی بھی خدمتگار نظام بشمول ونڈوز، میک اور یونکس پر چلائے جا سکیں گے۔ مزے کی بات یہ کہ اس کی بدولت لینکس کا سافٹ ویر دیگر خدمتگار نظام کی مناسبت سے وضع قطع اپنا لیتا ہے۔ اسکے علاوہ LINAکی بدولت چلنے والے لینکس پروگرام متعلقہ خدمتگار نظام میں کسی قسم کی تبدیلی سے متاثر نہیں ہوتے۔ اس سافٹ ویر کی باقاعدہ لانچ اگلے ماہ یعنی جون میں ہوگی۔

مائیکروسافٹ کی فائرفاکس پر نظر التفات

مائیکروسافٹ اور آزاد مصدر تحریک کے تعلقات پر جمی برف آہستہ آہستہ پگھل رہی ہے۔ پہلے مائیکروسافٹ اور نوویل کے درمیان کراس پلیٹ فارم سافٹ وئیرز معاہدے کے بعد اب مائیکروسافٹ نے مشہور زمانہ براؤزر فائر فاکس کیلیے اپنا ‘‘ونڈوز میڈیا پلئیر پلگ ان’‘ (Windows Media Player Plugin) جاری کیا ہے۔ جاري رکھيے »