ہفتہ، 19 جنوري 2008 — بلاگنگ ، ٹپس/ ٹرکس ، ڈاؤن لوڈز
فرض کیجیے آپ نے دو سال تک اپنے بلاگ پر تحاریر لکھیں، تحاریر کیلیے مناسب زمرے بنائے، اسیطرح آپکے بلاگ پر اچھی خاصی تعداد میں تبصرے ہوئے۔۔۔لیکن ایک دن آیا اور آپ کی ہوسٹنگ میں کسی خرابی یا کسی ہیکر کی کارستانی یا آپکی اپنی بیوقوفی کیوجہ سے آپکے بلاگ کا سارا ڈیٹابیس اُڑ گیا۔۔تو۔۔یقیناً آپ سر پیٹنے بیٹھ جائینگے(خودکشی اتنا سستا آپشن نہیں
)۔
تو کیوں نہ اس دن کے آنے سے پہلے ہم اپنے بلاگ کے ڈیٹابیس کا وقفہ وقفہ سے بیک اپ لے کر اپنے پاس یا پھر کسی آن لائن سٹوریج میں محفوظ کرلیں؟ بات تو اچھی ہے لیکن اگر آپ میری طرح سست الوجود ہیں یا آپ کے بلاگ ڈیٹابیس تک آپکو رسائی نہیں۔۔۔۔تو؟ تو جناب اسکا حل “ورڈپریس ڈیٹابیس بیک اپ” (WP-DB-BACKUP) نامی پلگ ان ہے۔ یہ پلگ ان آپکے ورڈپریس ڈیٹا بیس میں موجود تمام ٹیبلز کا بیک اپ بنا کر اپنے پی سی پر ڈاؤن لوڈ کرنے، اپکے ویب ہوسٹ پر محفوظ کرنے یا آپکو بیک اپ ای میل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر آپ کوئی پلگ ان ایسا استعمال کر رہے ہیں جو ورڈپریس ڈیٹابیس میں اپنے لئے الگ سے ٹیبلز بناتا ہے تو آپ اس پلگ ان کی مدد سے ان کو بھی بیک اپ میں شامل کر سکتے ہیں۔ یہاں سے پلگ ان ڈاؤن لوڈ کریں، فعال کر کے Manage اور پھر Backup مینو پر جائیں اپنی سہولت کے حساب سے آپشن منتخب کریں اور لیجیے آپ کا ڈیٹابیس بیک مکمل۔ ڈیٹابیس بیک اپ کیلیے آپ میرے اس ٹیوٹوریل سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ بیک اپ ری سٹور کرنے کے بعد کوئی مشکل پیش آئے تو مستقل ربط کی ساخت اپ ڈیٹ کرلیں۔ ذاتی طور پر مجھے ای میل بیک اپ پسند ہے ویسے بھی 6 جی بی جی میل کے ہوتے ہوئے سائز کی کسے پرواہ ہے۔
8 آراء
جمعرات، 17 جنوري 2008 — انٹرنیٹ ، بلاگنگ ، خبرنامہ
آپ میں سے کئی ایک ٹیکنوراتی نامی سائٹ جانتے ہی ہونگے۔ یہ سائٹ انٹرنیٹ پر موجود ہزاروں بلاگز کی رینکنگ کرتی ہے۔ لوگ ٹیکنوراتی کے اعداد و شمار سے ہی کسی بلاگ کے مشہور ہونے کا اندازہ کرتے ہیں۔ لیکن آجکل اس کی رینکنگ کے طریقہ پر ایک بہت بڑا اعتراض اُٹھ کھڑا ہوا ہے۔ ٹیکنوراتی اپنے ممبران کے پسند کردہ بلاگز کے اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر بلاگز کی رینکنگ کرتی ہے لیکن اگر آپ آجکل ٹیکنوراتی کے مقبول ترین بلاگز کی فہرست پر جائیں تو فہرست میں تیسرا مقبول ترین بلاگ ایک سپیم بلاگ جس میں ویاگرا سٹورز کے خفیہ لنک ہیں، موجود ہے۔
مزے کی بات یہ کہ TechChrunch, LifeHackerاور Engadget جیسے مشہور زمانہ بلاگ اس رینکنگ میں اس سپیم بلاگ سے پیچھے ہیں۔ اور دسویں نمبر پر جو فارماسوٹیکلز کی سائٹ ہے اس کا بلاگنگ سے دور کا واسطہ نہیں۔
2 آراء
جمعرات، 3 جنوري 2008 — انٹرنیٹ ، ٹپس/ ٹرکس
اس سے پہلے میں ویب ہوسٹنگ خریدنے کیلیے کچھ تجاویز پر بات کر چکا ہوں۔ ویسے ترتیب کے لحاظ سے ڈومین ہوسٹنگ کی بات ڈومین کے بعد کرنی چاہیے تھی، لیکن چونکہ اسوقت میرے ذہن میں ویب ہوسٹنگ مچل رہی تھی، تو پہلے وہ تحریر لکھ ڈالی۔
سب سے پہلے تو ڈومین نام ہے کیا؟ ویبُ پیڈیا کے مطابق ڈومین،”ایک ایسا نام جو ایک یا ایک سے زیادہ آئی پی ایڈریسز کی نمائندگی کرے۔ جیسا کہ ڈومین microsoft.com کئی ایک آئی پی ایڈریسز کی نمائندگی کرتا ہے۔” اگر ہم سادہ الفاظ میں ڈومین کی تعریف کریں تو ڈومین نیم انٹرنیٹ کی وسیع دنیا میں آپکی ویب سائٹ کی پہچان ہوتی ہے۔ وکی پیڈیا پر ڈومین نام کی کئی ایک تعریفیں اور دیگر تفاصیل دی گئی ہیں۔
عموماً لوگ ڈومین اور ویب ہوسٹنگ ایک ہی کمپنی سے خریدتے ہیں لیکن میرے جیسے لوگ جنہیں تانکا جھانکی کی عادت ہوتی ہے وہ آدھی چیز ادھر اور آدھی اُدھر سے لیتے ہیں(ویسے میں کمپیوٹر بھی قسطوں میں کوہاٹ، اسلام آباد، پنڈی اور پشاور سے لیتا تھا)۔ خیر ضروری نہیں کہ آپکو بھی تانکا جھانکی کی عادت ہو، ممکن ہے ڈومین خریدتے وقت آپکا بجٹ اس بات کی اجازت نہ دے کہ مہنگی کمپنی سے ڈومین خریدی جائے۔ ویسے مہنگی ڈومین سے مراد دو تین ڈالر کا فرق ہوتا ہے لیکن وہی بات کہ: مفت ہاتھ آئے تو برا کیا ہے۔۔۔ سو میری تجاویز درجہ ذیل ہیں:
جاري رکھيے »
6 آراء
بدھ، 2 جنوري 2008 — بلاگنگ ، ٹپس/ ٹرکس ، یاہو
فلکر(Flickr) بلاشبہ آن لائن فوٹو البم کی سائٹس میں سب سے بہترین ہے۔اکثر آپ نے دیکھا ہوگا کہ بلاگر حضرات اپنی سائیڈبار میں اپنے(اور دوسروں کے بھی) البم کی تصاویر لگاتے ہیں۔اگر آپ بھی اپنے فلکر البم کی تصاویر اپنے بلاگ کی سائیڈبار میں لگانا چاہتے ہیں تو یہ انتہائی آسان ہے۔ یوں تو اسکے کئی ایک طریقہ ہیں، جیسے فلکر بیج۔۔۔۔لیکن فلکر آر ایس ایس (FlicrRSS) پلگ ان کے ذریعے آپ انتہائی آسانی سے اپنے تھیم کے کوڈ کو زیادہ چھیڑے بغیر سائیڈ بار میں فلکر سے تصاویر دکھا سکتے ہیں۔ سب سے پہلے آپ فلکر آر ایس ایس پلگ ان ڈاؤن لوڈ کر اپنی پلگ ان ڈائریکٹری میں اپلوڈ کرں اور ڈیش بورڈ میں جاکر فعال کر لیں۔ فلکر آر ایس ایس پلگ ان کو استعمال کرنے کا طریقہ کچھ یوں ہے:
1۔ اپنی سائیڈ بار کی پی ایچ پی فائل(Sidebar.php) کھولیں۔ پہلے سے بنائے گئے خانوں(جیسے زمرہ جات، حالیہ تحاریر، تلاش وغیرہ کے خانے) کیطرح ایک خانہ فلکر البم کیلیے بنائے۔ ٹائٹل ٹیگز(عموماًh2 یا h3) کے اندر البم کو مناسب ٹائٹل دیں۔
جاري رکھيے »
10 آراء
منگل، 1 جنوري 2008 — ٹپس/ ٹرکس
آپ اپنی پہلی سائٹ بنانے کے قابل ہیں یا پھر آپ کو اپنا ذاتی بلاگ سیٹ اپ کرنا آگیا ہے۔۔۔۔مبارک ہو۔ لیکن اب اصل مسئلہ یہ ہے کہ انٹرنیٹ کی وسیع و عریض دنیا میں اسے کیسے متعارف کروایا جائے؟ اس کیلیے آپ کو ایک عددویب میزبان(Web Host) کی ضرورت ہوگی(نئے بندے کیلیے گھریلو ویب ہوسٹ سیٹ اپ کرنا بہت اوکھا کام ہے)۔ اب سوال یہ آتا ہے کہ انٹرنیٹ پر موجود ہزاروں ویب ہوسٹ میں سے اچھے اور مناسب داموں کی حامل ویب ہوسٹنگ کمپنی کا انتخاب کیسے کیا جائے؟
(نوٹ: میں یہ تحریر اس بات کو مدنظر رکھ کر لکھ رہا ہوں کہ آپ کے پاس آن لائن ادائیگی کیلیے کوئی ذریعہ موجود ہے۔ نہ ہونے کی صورت میں آپکو لوکل ویب ہوسٹس سے گزارہ چلانا ہوگا)۔
اس کیلیے میری کچھ ذاتی تجاویز:
1۔سب سے پہلے تو اپنے بجٹ کا تخمینہ لگائیں، اسی کے مطابق آپ نے اپنے لئے ہوسٹنگ پلان منتخب کرنا ہوگا۔
2۔ بجٹ کے بعد، انٹرنیٹ پر مشہور اور سروسز کے لحاظ سے نیک نام ویب ہوسٹ کی تلاش شروع کیجیے، اسکے لئے سب سے بہترین جگہیں فورمز ہیں۔ ہر قسم کی ویب ہوسٹنگ کے متعلق بات چیت کیلیے سب سے بہترین فورم ویب ہوسٹنگ ٹاک ہے۔ڈیجیٹل پوائنٹ اور سائٹ پوائنٹ پر بھی ہوسٹنگ سے متعلقہ مواد موجود ہوتا ہے اور بسا اوقات اچھی اور سستی ڈیلز مل جاتی ہیں۔
3۔ جہانتک ہوسٹنگ فیچرز کی بات ہے وہ تھوڑے بہت فرق کیساتھ اکثر ہوسٹس میں ایک جیسی ہوتی ہیں۔ اگر آپ نے کسی خاص ویب پروگرامنگ لینگویج(مثلاً پی ایچ پی) کا انتخاب کیا ہے تو اسی کی مناسبت سے ہوسٹنگ پلان منتخب کریں۔
4۔ یاد رکھیں مشہور سائٹس کی وجہ شہرت صرف مناسب قیمت نہیں ہوتی بلکہ کسٹمر سپورٹ اسے دوسروں سے ممتاز بناتی ہے۔ ہو سکتا ہے کسی ویب ہوسٹ سے آپکو نسبتاً سستی قیمت میں ہوسٹنگ پلان مل جائے لیکن دوران استعمال کسی خرابی کی صورت میں اگر وہ آپکی درخواست کا جواب گھنٹوں کی بجائے دنوں یا ہفتوں میں دے یا مسئلہ حل کرنے سے قاصر رہے، تو ایسے ویب ہوسٹ صرف پیسے کا زیاں ہیں۔
5۔ اکثر مشہور ویب ہوسٹ ایسے پروموشن کوڈ(یا کوپن) دیتے ہیں جو خریدتے وقت اگر آپ فارم پُر کرتے وقت داخل کریں تو آپکو اچھی خاصی رعایت مل جاتی ہے۔ اگر آپ کو منتخب شدہ ہوسٹ کے فارم میں ایسی کوئی جگہ نظر آئے تو فوراً تلاش کرکے پروموشن کوڈ ڈالیں۔ عین ممکن ہے آپ پروموشن کوڈ کی بدولت رعایت کے مستحق ٹھہریں(جیسے میں نے کل ڈریم ہوسٹ پر 120 میں سے 50 ڈالرز بچا لئے تھے)۔ جیسے گوڈیڈی کے پروموشنل کوپن آپ یہاں، سائٹ5 کے یہاں اور ڈریم ہوسٹ کے یہاں حاصل کر سکتے ہیں۔ صرف گوگل میں مطلوبہ کمپنی کانام اور آگے کوپن(Coupon) یا پرومو کوڈ(Promo Code) لکھ دیں، ہزاروں سائٹس آپکو مل جائینگی۔
بقول غالب: مفت ہاتھ آئے تو بُرا کیا ہے
اگلی نشت میں ڈومین نیم کی خریداری کے متعلق بات ہوگی۔
2 آراء
بدھ، 19 دسمبر 2007 — عمومی مراسلے
لیجیے ایک دفعہ پھر میں نے ایک نیا بلاگ شروع کر لیا ہے۔ یہ بلاگ ذاتی مقاصد کیلیے ہوگا۔ فی الحال مجھے گاؤں جانے کی جلدی ہے، اسلئے اللہ حافظ۔ عید کی مبارکباد نئے بلاگ پر دیجیے گا۔ شکریہ
اپ ڈیٹ: یہ نیا بلاگ ٹیکنالوجی سے ہٹ کے ذاتی زندگی کے بارے میں ہے۔ سچ پوچھیے تو پہلے پہل مجھے ایسا بلاگ لکھنا بہت مشکل لگتا تھا کہ زندگی لگی بندھی روٹین سے گزر رہی ہے کچھ ایسا خاص نہیں کہ ضبط تحریر میں لایا جائے لیکن مجھے اعتراف ہے کہ میرے ساتھی بلاگرز خاص کر اردو بلاگرز سے متاثر ہو کر میں یہ بلاگ شروع کر رہا ہوں۔
5 آراء