تحارير برائے: اگست 2007 ...

”بوریت“ بچاؤ

جیسا کہ قدیر کی تحریر سے آپکو معلوم ہو ہی چکا ہوگا کہ پُرمزاح آن لائن اخبار روزنامہ ”بوریت“ کی اشاعت روک دی گئی ہے۔ بقول شارق مستقیم یہ غم روزگار کیوجہ سےکرنا پڑا۔ لیکن میری طرح کئی قارئین ان سے اتفاق نہيں کرینگے۔ میرا سوال ہے کہ کیا شارق غمِ روزگار کے سلسلے میں کالا پانی جارہے ہیں، جہاں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی رسائی نہیں؟؟؟

بوریت سے میرا تعارف سال پہلے ہوا اور تبھی سے میں اسکا مستقل قاری ہوں۔ میری وجہ سے میرے باس سمیت تمام کولیگ اسکی خبروں میں دلچسپی لیتے ہیں۔ :smile:

لیکن اب جب یہ خبر پڑھی ہے تو حقیقتاً مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ یہ نہ صرف انٹرنیٹ پر تحریری اردو(تصویری نہیں) کا نقصان ہے بلکہ کئی قارئین کیلیےذہنی تفریح کا ایک ذریعہ بھی چلاگیا۔ تحریری اردو کیلیے شارق کی خدمات قابلِ ذکر ہیں، جنمیں اردوسپورٹ انسٹالر، اردو کیبورڈ ٹیوٹر، ان پیج ٹو یونیکوڈ کنورٹر، اردو جاوا سکرپٹ ایڈیٹر اور دوسری مفید اردو سروسز قابل ذکر ہیں۔

ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے۔۔۔۔”بوریت“ کو واپس لاؤ۔ ورنہ ہم ”بوریت بچاؤ“ تحریک شروع کردینگے۔

ایس ایم ایس پر قدغن؟

کل، اتوار کے اخبارات میں ٹیلی کمیونیکیشن کے سرکاری سفید ہاتھی ادارہ پی ٹی اے نے ایک اشتہار شائع کیا۔ جس کے بقول “غیرقانونی” اور ان چاہے ایس ایم ایس بھیجنے والوں “اندر” کیا جا سکتا ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ غیر قانونی اور دیگر ایس ایم ایس کونسے ہیں؟ زرا اشتہارا ملاحظہ فرمائیے، اور کچھ پلے پڑے تو مجھے بھی بتائیے :sad: :

غیر قنونی ایس ایم ایس

رابطہ سینٹر: ٹیلی نار پاکستان کی اردو سائٹ

آج براؤزنگ کرتے ہوئے میں ٹیلی نار کی اردو سائٹ “ٹیلی نار رابطہ سینٹر” پر پہنچ گیا۔ مجھے صحیح معلوم نہیں لیکن جہانتک میرا خیال ہے ابھی تک اسے باقاعدہ لانچ نہیں کیا گیا ہے، کیونکہ میں کسی باقاعدہ یو آریل کے زریعے اس صفحہ پر نہیں پہنچا بلکہ آئی پی ایڈریس کے زریعے یہانتک رسائی کے قابل ہوا۔ ٹیلی نار اور ڈی جوس کی آفیشل سائٹس پر بھی اسکا کوئی ربط موجود نہیں ۔۔۔۔یا۔۔۔۔ کم ازکم مجھے یہ ربط وہاں نظر نہیں آیا۔ رابطہ سینٹر کا سکرین شاٹ نیچے ملاحظہ کجیے:

ایک اور موبائل آپریٹر کیطرف سے اردو سائٹ شروع کرنا خوش آئند ہے، لیکن موبی لنک کی اردو سائٹ کے برخلاف اس سائٹ میں سارا مواد تصویری اردو کی شکل میں ہے۔ حیرت کی بات ہے کہ ایسے وقت میں جب دنیا کی چھوٹی سے چھوٹی زبان کی ویب سائٹس یونیکوڈ کی بدولت تحریری شکل میں بنائی جا رہی ہیں، ایک بڑا ادارہ اردو کی ویب سائٹ تصاویری شکل میں بنا رہا ہے۔ آپ کیا کہتے ہیں :?:

++Notepad: ونڈوز نوٹ پیڈ کا بہترین متبادل

کبھی آپ نے سوچا کہ ونڈوز میں موجود ڈیفالٹ نوٹ پیڈ میں ٹیب(Tab) ہوں، تاکہ آپکو ہر فائل کیلیے علیحدہ سے نوٹ پیڈ نہ کھولنا پڑے؟ –یا– کبھی آپ نے چاہا کہ نوٹ پیڈ میں کسی کمپیوٹر لینگویج کا کوڈ مدون کرتے وقت آپکو کوڈ کا ہر حصہ منظم شکل میں نظر آئے۔۔۔۔یقیناً ونڈوز نوٹ پیڈ ان سب چیزوں کو کرنے سے قاصر ہے۔ لیکن ان ساری چیزوں سے مزین، ونڈوز نوٹ پیڈ کا متبادل “نوٹ پیڈ++” (++Notepad) آپ بالکل مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ نوٹ پیڈ++ میں ان خصوصیات کے علاوہ بھی کئی پروگرامر دوست خوبیاں ہیں۔ خود ٹرائی کرنے کیلیے ابھی ڈاؤن لوڈ کیجیے۔

سمائلیز(Smilies) کیلیے ایک مفید پلگ ان

سمائلیز(Smilies) انٹرنیٹ پر لکھی جانی والی تحاریر کا ایک اہم جزو بن چکی ہیں۔ چاہے یہ تحاریر کسی بلاگ پر لکھی جائیں۔۔۔۔یا انہی تحاریر پر لکھی جانی والی آراء ہوں یا پھر کسی چوپال(Forum) پر لکھی جانی والی تحریریں۔ سمائلیز کے زریعے ہم محض ایک چھوٹی سی آئیکن نما تصویر کے زریعے اپنے جذبات کو تحریر کر سکتے ہیں، جسکے اظہار کیلیے دوسری صورت میں ہمیں پوری لائن یا لائنیں لکھنی پڑیں۔

چوپالوں پرسمائلیز، تحریر لکھتے ہوئے اوپر نیچے یا دائیں بائیں کہیں موجود ہوتے ہیں، جو صرف کلک کرنے پر تحریر میں شامل ہوجاتے ہیں۔ بلاگ پر یہ سمائلیز موجود تو ہوتے ہیں لیکن انہیں تحریر یا آراء برائے تحریر میں ڈالنے کیلے شارٹ کٹ ٹیکسٹ کا سہارا درکار ہوتا ہے۔ دائیں سے بائیں لکھی جانی والی تحریروں میں ان شارٹ کٹس کو استعمال کرنا پورا عذاب ہوتا ہے اور تمام سمائلیز کے شارٹ کٹس یاد رکھنا بھی ہر فرد کیلیے ممکن نہیں۔

اردو تحریر میں سمائلیز کی مشکلات

سمائلیز میں گڑبڑ کا ایک منظر
اسی مشکل کو آسان بنانے کیلیے ورڈپریس بلاگ کیلیے ایک مفید پلگ ان wp-grins نامی پلگ ان بنایا گیا ہے۔ اس بلگ ان کی بدولت نہ صرف آپ اپنی تحریروں میں سمائلیز آسانی سے ڈال سکتے ہیں بلکہ آپکی تحاریر پر آراء دینے والے صارفین بھی صرف ایک کلک سے آراء میں سمائلیز آسانی سے ڈال سکتے ہیں۔ ذیل کی تصاویر ملاحظہ فرمائیں۔

بلاگ ایڈیٹر میں سمائلیز

بلاگ ایڈیٹر میں سمائلیز کا ایک منظر

آراء کے خانے کیلیے سمائلیز

آراء کے خانے کیلیے سمائلیز
یہ پلگ ان آپ اس ربط سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

پلگ ان انسٹالیشن کا طریقہ:

  • پلگ ان کی zip فائل کو unzip کیجیے۔
  • اپنے ایف ٹی پی پروگرام کے ذریعے wp-grins نامی فائل کو wp-content/plugins نامی فولڈر میں اپلوڈ کر دیں۔
  • اپنے ورڈپریس ایڈمین پینل میں جاکر Plugins کے صفحہ سے اس پلگ ان کو فعال (Activate) کرلیں۔

لیجیے اب آپکے بلاگ پر سمائلیز کا استعمال مشکل نہیں رہا۔ :smile:

SnagIt: سکرین شاٹس لینے کیلیے بہترین سافٹ وئیر

اگر آپ بلاگر ہیں تو عین ممکن ہے کہ بعض اوقات آپکو کسی تحریر کیلیے سکرین شاٹس کی ضرورت پڑے۔ اگر آپ مختلف فورمز کے ممبر ہیں تو بھی ممکن ہے کہ فورم پر تحاریر لکھتے ہوئے آپکو سکرین شاٹس کی کہیں ضرورت پڑے۔ اس کے علاوہ آپکو اپنی پریزنٹیشن اور دیگر ڈاکومنٹس کیلیے بھی سکرین شاٹ درکار ہوتے ہیں۔

اکثر صارفین سکرین شاٹس کیلیے پرنٹ سکرین(Print Screen) دبا کر ونڈوزپینٹ کا سہارا لیتے ہیں۔ جسمیں بنائے گئے سکرین شاٹس معیار میں کم تر اور سائز میں بڑے ہوتے ہیں۔ زیادہ سمجھدار لوگ فوٹوشاپ یا دیگر گرافکس سافٹ وئیرز کا سہارا لیتے ہیں۔ لیکن ہر خاص و عام کیلیے ان سافٹ ویرز کا استعمال مشکل ہے۔

انہی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے TechSmith کمپنی کاSNAGIT ایک بہترین سافٹ وئیر ہے۔ جس کی بدولت بالکل مبتدی صارف آسانی سے سکرین شاٹ لے سکتا ہے اور اسمیں اچھی خاص تدوین بھی کر سکتا ہے۔اس سافٹ ویر کی بدولت آپ اپنی سکرین پر موجود کسی بھی چیز کا سکرین شاٹ لے سکتے ہیں۔ نہ صرف یہ بلکہ یہ سافٹ ویر آپکو اس قابل بناتا ہے کہ آپ سکرین کے کسی مخصوص حصے، کسی خاص ونڈو یا سکرولنگ صفحہ یا پھر فل سکرین موڈ میں بھی سکرین شاٹس لے سکتے ہیں۔ اس سافٹ ویر کا 30 دن تک قابل استعمال نسخہ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

اسکے علاواسمیں دیگر زبردست فیچرز بھی موجود ہیں جنمیں ویڈیو ڈیسکٹاپ کیپچرنگ، ٹیکسٹ کیپچرنگ اور ویب پیچ کیپچرنگ شامل ہیں۔ پچھلے کچھ دنوں میں لکھی گئی تحریروں کےلیے سکرین شاٹس میں نے اسی سافٹ ویر کی مدد سے لئے۔ مزید ایک سکرین شاٹ پیش خدمت ہے، جسے میں نے مخصوص حصہ کی آپشن کا استعمال کرکے لیا ہے: